کراچی مبینہ مقابلے میں گرفتار زخمی ڈکیت شہری کے قتل میں ملوث نکلے

زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے مقتول فیصل شبیر کا چھینا ہوا موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے، پولیس ترجمان

فوٹو- فائل

سرجانی ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں گرفتار زخمی ڈکیت شہری کے قتل میں ملوث نکلے ۔ پولیس نے مقتول سے چھینا گیا موبائل فون برآمد کرلیا۔

سرجانی ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار دو ڈاکو شہری کے قتل میں ملوث نکلے۔


ترجمان ویسٹ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سرجانی ٹاؤن پولیس نے جمعے کی شب روزی موڑ کے قریب مقابلے کے دوران دو ڈاکوؤں سلمان عرف ٹی اور ریحان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا جو کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب 3 اکتوبر کو تیسر ٹاؤن میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر شہری فیصل شبیر کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کرنے کی واردات میں ملوث ہیں جبکہ شہری کچھ دیر کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جاں بحق ہوگیا تھا اور اس واردات کا مقدمہ نمبر 1211 سال 2024 سرجانی ٹاؤن پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں 302 ، 397 اور 392 چونتیس کے تحت درج کیا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے مقتول فیصل شبیر کا چھینا ہوا موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے جبکہ گرفتار ڈاکوؤں نے دوران تفتیش بھی واردات کے دوران مزاحمت پر شہری کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ ڈاکوؤں کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکل بھی خواجہ اجمیر نگری کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی ڈکیتی سمیت غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے مقدمات میں گرفتار کر جیل بھی جا چکے ہیں ۔
Load Next Story