اسمبلیاں جعلی اورغیر منتخب، آئینی ترمیم کو تسلیم نہیں کریں گے، جی ڈی اے

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 5 اکتوبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے واضح کیا ہے کہ غیر منتخب اور جعلی اسمبلی سے ہونیوالی آئینی ترمیم کو جی ڈی اے اور عوام ہر گز تسلیم نہیں کریں گے۔

اس بات کا اظہار سید صدرالدین شاہ راشدی کی سربراہی میں کراچی میں منعقدہ جی ڈی اے کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ڈاکٹر صفدر علی عباسی، سید زین شاہ، لیاقت علی جتوئی، سردار عبدالرحیم، عرفان اللہ خان مروت، مسرور خان جتوئی اور حسنین مرزا سمیت دیگر شریک تھے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ جی ڈی اے موجودہ جعلی اور غیر منتخب اسمبلیوں کو تسلیم نہیں کرتی یہی وجہ ہے کہ جی ڈی اے کے تین ارکان سندھ اسمبلی نے آج تک اسمبلی رکنیت کا حلف نہیں لیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ جعلی اسمبلی اگر آئین میں کسی قسم کی ترمیم کرتی ہے تو جی ڈی اے اور عوام اسے ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔اجلاس نے ملک میں جاری افراتفری کی صورتحال اور عدم استحکام پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب بھی وقت ہے کہ فریقین پاکستان کی خاطر بات چیت کا دروازہ کھولیں اور ملک کو مزید نقصان سے بچائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔