سپریم کورٹ: PTIپارٹی الیکشن نظرثانی کیس11اکتوبر کو مقرر

جہانزیب عباسی  اتوار 6 اکتوبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  اسلام آباد:  سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے کیلیے پانچ رکنی لارجر بینچ اور چھ ریگولر بینچ تشکیل دیدیے ، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 11اکتوبر کو پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن نظر ثانی کیس پر سماعت کرے گا۔

بنچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں ۔ رجسٹرار آفس نے تحریک انصاف کو نوٹس جاری کردیا۔سپریم کورٹ نے 13 جنوری کو انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کی اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل تین رکنی بنچ وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ سے متعلق کیس کی سماعت کل جبکہ ڈیمز فنڈز کیس کی سماعت بدھ کو کریگا۔

جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کیخلاف کیس کی سماعت جمعرات کو کریگا۔ جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں جسٹس محمدعلی مظہر ،جسٹس عائشہ ملک ،جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بنچ ٹیکس مقدمات سنے گا۔ ایڈہاک ججوں کا بنچ فوجداری مقدمات کی سماعت کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔