ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا موٹر وے پولیس کریگی ذوالفقارچیمہ

کراچی میں جلد لائسنس کا اجرا شروع ہوگا جس کے بعددائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا


Staff Reporter July 17, 2014
نیشنل ہائی ویز و موٹر وے پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے آئی جی موٹر وے پولیس ذوالفقارچیمہ خطاب کر رہے ہیں،معین ملک اور غلام تھیبوبھی موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ذوالفقار چیمہ نے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس ملک بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کرے گی۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں لائسنس جاری کیے جاچکے جبکہ کراچی میں جلد یہ عمل شروع کردیا جائے گا، کئی بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنے ڈرائیوروںکی تربیت کے لیے موٹر وے پولیس سے رابطہ کیا ہے ، یہ بات انھوں نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں موٹر وے پولیس کے تحت ماڈرن ڈرائیونگ ٹریننگ سینٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انھوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ملک کا ایک معتبر ترین ادارہ ہے جس کی ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا موٹر وے پولیس کے تحت ہو۔

انھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں لائسنس کا اجرا شروع ہوچکا ہے جبکہ جلد ہی کراچی میں بھی کام شروع کردیا جائے گا جبکہ اس کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملک بھر میں پھیلایا جائے گا ، اس طرح تمام ڈرائیوروں کاریکارڈ ملک بھر میں ایک ہی اتھارٹی کے پاس محفوظ ہوگا ، ایک سوال کے جواب میں ذوالفقار چیمہ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ہائی ویز پر ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی شکایات پر قابو پانے کے لیے موٹر وے کے ہر زون کی 2 گاڑیاں صرف جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھنے کے لیے مختص ہوں گی۔

ٹریفک حادثات کے حوالے سے آئی جی موٹر وے نے کہا کہ سالانہ 12 ہزار سے زائد افراد ٹریفک حادثات میں جان گنوا بیٹھتے ہیں،ہم نے حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں کئی بار موثر آگاہی مہم چلائی گئی ہے جبکہ حکومت کو تجاویز دی ہیں کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے سلسلے میں تجاویز کو بھی باقاعدہ طور پر نصاب میں شامل کیا جائے ، اپنی تقریر میں آئی جی موٹر وے ذوالفقار چیمہ نے ماڈرن ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول کے حوالے سے بتایا کہ ٹریننگ سینٹر میں ملکی و غیر ملکی ماہرین تربیت فراہم کریں گے جبکہ ماسٹر ٹرینرز کی بھی تربیت کی جائے گی ، ان کا کہنا تھا کہ سینٹر کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا جس میں سیمولیٹرز، جدید ساز و سامان اور جدید تکنیک استعمال کی جائیں گی۔

تربیتی مرکز کی خصوصیت یہ ہے کہ مذکورہ سینٹر میں کار اور موٹر سائیکل کے علاوہ ہیوی وہیکلز کے ڈرائیورز کو بھی ٹریننگ دی جائے گی جوکہ اہم سنگ میل ہوگا، انھوں نے امید ظاہر کی کہ تربیت یافتہ ڈرائیور جب سڑکوں پر گاڑیاں لائیں گے تو یقینی طور پر حادثات کی شرح میں بھی کمی آئے گی اور شاہراہیں محفوظ بنانے کی جانب اہم قدم ہوگا ، ٹریننگ سینٹر کے قیام میں فلیٹ آپریٹرز ایسوسی ایشن اور دیگر اداروں کا تعاون بھی شامل ہے ، تقریب میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رئوف اختر فاروقی ،فلیٹ آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین معین ملک اور دیگر معززین کے علاوہ اعلیٰ پولیس افسران ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو ، ڈی آئی جی عبدالخالق ، منیر شیخ ، ظفر بخاری ، بشیر میمن ، اے ڈی خواجہ ، ایس پی جاوید مہر ، نعیم شیخ ، ثاقب اسماعیل بھی شریک تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں