صدرمملکت کی لیفٹننٹ کرنل محمد علی شہید کے گھر آمد، ‘قوم اپنے شہدا کو فراموش نہیں کرے گی’

فیصل آباد: صدرمملکت آصف علی زرداری نے فیصل آباد میں شہید لیفٹننٹ کرنل محمد علی کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ قوم اپنے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہاگیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی فیصل آباد میں شہید لیفٹننٹ کرنل محمد علی کے گھر میں آمد ہوئی اور صدر مملکت نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کی اور لیفٹننٹ کرنل محمد علی شہید کے لیے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

خیال رہے کہ پاک فوج کے لیفٹننٹ کرنل محمد علی گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

صدر مملکت نے قوم کی جانب سے لیفٹننٹ کرنل محمد علی شہید کی خدمات اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا، لیفٹننٹ کرنل محمد علی شہید اور ان کے خاندان کی وطن سے محبت اور جذبہ ایثار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، قوم اپنے شہدا اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی۔