’وسان بالا کے بیان کو غلط سمجھا گیا‘ کرن جوہر کا اقربا پروری کے الزامات پر سخت ردعمل
وسان بالا نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ کرن نے ان کی فلم ’جگرا‘ کا نامکمل اسکرپٹ اداکارہ عالیہ بھٹ کو بھیج دیا تھا
معروف فلمساز کرن جوہر نے حالیہ دنوں میں وسان بالا کے انٹرویو سے متعلق اقربا پروری کے الزامات پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
وسان بالا نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ کرن نے ان کی فلم 'جگرا' کا نامکمل اسکرپٹ اداکارہ عالیہ بھٹ کو بھیج دیا تھا جس سے وہ خوش نہیں تھے۔
کرن جوہر نے انسٹاگرام پر اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وسان بالا کے بیان کو جس طرح سے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، وہ انہیں پہلے تو مضحکہ خیز لگا، لیکن اب یہ بات انہیں واقعی پریشان کر رہی ہے۔
فلم 'جگرا' کے حوالے سے وسان بالا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے کرن جوہر کو ایک غیر منظم ای میل بھیجی تھی اور کرن نے اسکرپٹ کو چیک کیے بغیر عالیہ بھٹ کو بھیج دیا تھا، جس پر وہ خوش نہیں تھے۔
اس پر سوشل میڈیا میں کرن جوہر پر شدید تنقید کی گئی جس کے بعد وسان بالا نے وضاحت دی کہ کرن نے ان پر مکمل اعتماد کا مظاہرہ کیا، اور وہ ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے، فلم 'جگرا' 11 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔