حزب اللہ نے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر کو نشانہ بنایا، 10 افراد زخمی

یروشلم: اسرائیلی پولیس نے پیر کی صبح بتایا کہ حزب اللہ کے راکٹوں نے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفا کو نشانہ بنایا ہے جبکہ اسرائیلی میڈیا نے ملک کے شمال میں 10 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے حیفا کے جنوب میں ایک فوجی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق دو راکٹ اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفا سے ٹکرا گئے جبکہ مزید پانچ راکٹ 65 کلومیٹر دور تبریاس سے ٹکرائے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ عمارتوں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کچھ افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔

رائٹر کی رپورٹ کے مطابق سرویلینس کیمرے کے ذریعے لی گئی ویڈیو میں حزب اللہ کے راکٹوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔