کراچی ائرپورٹ دھماکا پاک چین دوستی پر حملہ ہے، مجرموں کو سخت سزا دیں گے، پاکستان

  اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے چینی شہریوں پر حملے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی پر حملہ قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پاکستان چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ائرپورٹ کے قریب دہشت گردی کے واقعے میں 2 چینی انجینئرز جان سے گئے اور ایک زخمی ہوا۔ پاکستان اس واقعے میں چین اور پاکستان دونوں کے متاثر ہونے والے افراد کے خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتا ہے۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کراچی میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی پاک چین پائیدار دوستی پر حملہ تصور کرتے ہیں اور اس بزدلانہ کارروائی کرنے والے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک اپنی چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مجید بریگیڈ سمیت اس بزدلانہ حملے کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ان کے عبرت ناک انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  وزارت خارجہ چینی سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور پاکستان اور چینی شہریوں  کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کو اعادہ کرتی ہے۔

اسرائیل مسلسل جنگی جرائم کررہا ہے

مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی غزہ پر مسلط جنگ کو ایک سال ہوگیا، اسرائیل نے مقامی آبادیوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیل مسلسل جنگی جرائم کررہا ہے۔ ہم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ امن کے لیے اقدامات کرے۔

ایس سی او اجلاس کی سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے حوالے سے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان ایس سی او اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ہم اپنے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ اجلاس کے لیے سکیورٹی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ ایس سی او اراکین، آبزرور ریاست منگولیا اور ترکمانستان بطور مہمان خصوصی ایس سی او سربراہ مملکت اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کا دورہ باہمی سطح پر مفید ثابت ہوگا۔ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اپریل میں ہونے والی ملاقات کا نتیجہ ہے۔ پاکستان نے ایس سی او رکن ممالک کے درمیان باہمی مفید تعلقات کی کوششیں کی ہیں۔

دہشت گرد پاکستانی نہیں بلکہ پاکستان کے کھلے دشمن ہیں،و زیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی کراچی میں دہشت گردی کی کرروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملے کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ چینی قیادت اور چین کے عوام بالخصوص متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ واقعے کے ذمے دار پاکستانی نہیں، بلکہ پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ چینی دوستوں کی سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ائرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 2 غیر ملکی شہری ہلاک ہوئے اور 17 دیگر افراد زخمی ہوئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ شہر بھر میں اس کی آواز سنائی دی جب کہ واقعے میں کئی گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہو گئیں۔