کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ اور فتنۃ الخوارج گٹھ جوڑ کے حیران کن انکشافات

پی ٹی ایم نے ضلع خیبر میں نام نہاد ’’پشتون قومی عدالت‘‘ کے انعقاد کا اعلان کر رکھا تھا


ویب ڈیسک October 07, 2024
فائل فوٹو

حکومت کی جانب سے پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کو کالعدم قرار دینے جانے کے بعد فتنہ الخورج نے پی ٹی ایم کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی ایم پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

وزارت داخلہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ''پی ٹی ایم ملک میں امن و سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے لہٰذا 1997 کے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 11 بی کے تحت پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔''

ذرائع کے مطابق ریاست پاکستان میں شرانگیزی اور تقسیم پھیلانے کی غرض سے 2014 میں قائم ہونے والی جماعت پشتون تحفظ موومنٹ کی سرگرمیوں کا محور ریاست مخالف ایجنڈہ ہے۔ پشتون تحفظ موومنٹ نے 11 اکتوبر 2024 کو شر انگیزی کی غرض سے ضلع خیبر میں نام نہاد ''پشتون قومی عدالت'' کے انعقاد کا اعلان کر رکھا تھا۔

تاریخی تناظر میں دیکھا جائے تو پاکستان کے غیور پشتون قبائل میں ریاست مخالف نظریات اور نفرت کا بیج بونے والی کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ فتنتہ الخوارج کا سیاسی روپ دھار چکی ہے۔ پشتون تحفظ موومنٹ کے قیام سے لیکر اب تک اس کی سرگرمیاں بظاہر پشتون عوام کے حقوق کی جنگ ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے اور اس کا واضح ثبوت حال ہی میں فتنتہ الخوارج کی جانب سے پشتون قومی عدالت کی حمایت کا اعلان ہے۔

پشتون تحفظ موومنٹ آغاز ہی سے پشتونوں کی مظلومیت کو اپنے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ پشتون قومی عدالت کا انعقاد پاکستان کے حالات کو مزید کشیدگی کی جانب دھکیلنے کے مترادف ہے جس کا واضح ثبوت فتنتہ الخوارج کی حمایت کی صورت میں سامنے ہے۔

فتنتہ الخوارج کو اس کی دہشت گرد سرگرمیوں کی بدولت 2011 میں بین الاقوامی سطح پر کالعدم اور غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا جا چکا ہے۔ فتنتہ الخوراج کے دہشت گردوں کو افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں حاصل ہیں جہاں سے افغان طالبان کی سہولت کاری کے ذریعے پاکستان میں حملے کیے جاتے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق افسوسناک امر یہ ہے کہ فتنتہ الخوراج ان پشتونوں کے حقوق کی بات کر رہی ہے جو سب سے زیادہ اس کی دہشتگردی کا شکار ہیں، فتنتہ الخوراج کی جانب سے پشتون قومی عدالت کی حمایت پی ٹی ایم کے ساتھ گٹھ جوڑ کو ثابت کرتی ہے۔

فتنتہ الخوراج کے بیان کے مطابق ''ہم مظلوم پشتون اقوام بالخصوص آفریدی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں''۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوراج کی جانب سے اس قسم کے بیانات پشتون قوم کو تقسیم کر کے اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل ہے۔ پی ٹی ایم کے سرغنہ منظور پشتین کی جانب سے بھی اکثر ایسے بیانات دیے گئے ہیں جن سے ان کی ملک دشمنی واضح دکھائی دیتی ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق اسی طرح پی ٹی ایم کی جانب سے پاک فوج اور عوام کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے جس کی واضح مثالیں موجود ہیں، مذکورہ بالا حقائق کی روشنی میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ اب فتنتہ الخوراج اور پشتون تحفظ موومنٹ مل کر پاکستان کی سالمیت کے درپے ہیں۔ ریاست اور ریاستی اداروں کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے ٹھوس پالیسی مرتب کرکے ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے غیور اور باشعور عوام کو بھی اس بات کا ادراک ہے کہ ان کے حقوق کا تحفظ صرف ریاست ہی کرسکتی ہے، فتنتہ الخوراج جیسی دہشتگرد تنظیم کے حمایتی اعلان سے پشتون تحفظ موومنٹ کی سیاسی جدوجہد کو شدت پسندی کی جانب موڑا جا رہا ہے، مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں فتنتہ الخوراج کمزور ہو چکے ہیں جنہیں اب کسی نئے سہارے کی تلاش ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی ٹی ایم کے منظور پشتین نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی ملاقات کی اور پشتون قومی عدالت میں شرکت کی دعوت دی۔ ایسے شر پسند عناصر کی سر پرستی صرف اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے سوا اور کچھ نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں