لاہور میں احتجاج اور جلاو گھیراؤ سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت منظور
عدالت نے دو لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں پر سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت منظور کی ہے
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے احتجاج اور جلاو گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کی 16 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
سلمان اکرم راجہ نے تین مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔
عدالت نے دو لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں پر سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت منظور کی ہے۔ تھانہ اسلام پورہ، تھانہ لاری اڈہ اور تھانہ مستی گیٹ کے مقدمات میں ضمانت منظور کی گئی۔
پولیس نے سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماوں کو ایف آئی آرز میں نامزد کر رکھا ہے۔
دوسری جانب، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سلمان اکرم راجہ کی اسلام آباد میں درج دہشت گری کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے 15 اکتوبر تک سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے۔