کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

  کراچی: شہر قائد میں آج سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ منگل اور بدھ کو پارہ 39 ڈگری تک تجاوز کر سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اکتوبر کا اوسط درجہ حرارت 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہے تاہم گرمی کی جذوی لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اوسط سے 3 ڈگری بڑھ سکتا ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب غیرمعمولی صورتحال پیدا نہیں ہوگی، گرمی کی لہر کے دوران نمی کا تناسب 30 تا 40 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

گرمی کی جذوی لہر کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ ہیٹ ویو میں مسلسل 3 روز تک پارہ 40 ڈگری سے زائد، سمندری ہواؤں کی بندش اور نمی کا تناسب 60 فیصد تک تجاوز کرنے سمیت دیگر عوامل شامل ہیں۔

سردار سرفراز چیف میٹرولوجسٹ کراچی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ گھر سے باہر دھوپ کے بجائے سایہ دار جگہوں کو ترجیح دیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔