وزیراعلی کے پی کا بٹگرام جیل میں زیرحراست لڑکی سے سپرنٹنڈنٹ کی زیادتی کا نوٹس

وزیراعلی خیبر پختونخوا نے بٹگرام سب جیل میں زیر حراست 20 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

سردار علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلی کی ہدایت پر سپرنٹنڈنٹ سب جیل بٹگرام شہریار کو عہدے سے ہٹا کر معطل کردیا گیا اور معاملے کی صاف شفاف انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق دو رکنی انکوائری کمیٹی ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ہزارہ ڈویژن اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ پر مشتمل ہے، جو دو روز میں معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق تحقیقات کی روشنی میں زیادتی کے مبینہ واقعے کے مرتکب عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر متاثرہ لڑکی کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

لڑکی نے رہائی کے بعد پولیس کو اطلاع دیدی جس پر مقدمہ درج کیا گیا جس کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ نے آفس میں بلا کر زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ لیڈی ڈاکٹر نے بھی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق کردی تاہم سپرنٹنڈنٹ نے مقامی عدالت سے ضمانت قبل ازگرفتاری کروالی۔