وزیر داخلہ نے چینی سفیر سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے کراچی دھماکے کے حوالے سے تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چینی سفارت خانے پہنچے جہاں انہوں نے چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ سے ملاقات کی۔ انہوں نے چینی سفیر کے ساتھ کراچی دھماکے میں 2 چینی شہریوں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چینی سفیر، حکومت اور چینی شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔
محسن نقوی نے چینی سفیر کو کراچی میں گزشتہ شب ہونے والے دھماکے کی تمام تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ دُکھ کی اس گھڑی میں چین کی حکومت اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اندوہناک سانحے میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ پاکستان چین دوستی پر حملہ ناقابل برداشت ہے اور برادرنہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہے۔ بزدل دشمن کی اس سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرنے والے چینی بھائیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دشمن نے پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے۔ دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔
بعد ازاں انہوں نے چینی سفارت خانے میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں سے اظہار افسوس کیا۔ چینی سفیر نے اس واقعہ کے بعد پاکستان کے ردعمل کو سراہا۔