جامعہ کراچی؛ ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پی ایچ ڈی کی سند دینے کیلیے سنڈیکیٹ کا اجلاس طلب

  کراچی: جامعہ کراچی نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے پر غور شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں سنڈیکیٹ کا ایک ہنگامی اجلاس کل منگل کو طلب کرلیا ہے جو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیر صدارت منگل کی دوپہر 3 بجے ہوگا۔ 

واضح رہے کہ معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی باقاعدہ سفارش صوبے کی سرکاری جامعات کے چانسلر کامران ٹیسوری کی جانب سے کی گئی تھی۔

اس سلسلے میں جامعہ کراچی کو یکم اکتوبر کو گورنر سیکریٹریٹ سے باقاعدہ خط موصول ہوا تھا جس کے بعد جامعہ کراچی کی جانب سے اس سلسلے میں مروجہ پروٹوکولز پر عمل کرتے ہوئے کنٹرولنگ اتھارٹی حکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو خط لکھ کر اجازت طلب کی گئی تھی۔

محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ذرائع کے مطابق محکمہ کی جانب سے اس سلسلے میں آمادگی کا خط منگل کو جامعہ کراچی کو بھجوایا گیا ہے جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں حتمی منظوری کے لیے سنڈیکیٹ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں جاری یک نکاتی ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں گورنر سیکریٹریٹ کے موصولہ خط کے تناظر میں ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک مبلغ اسلام کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دیے جانے پر غور اور منظوری دینا ہے۔