زر مبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مہنگا

انٹر بینک میں ڈالر کا ریٹ 13 پیسے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 03 پیسے بڑھ گیا


Ehtisham Mufti October 07, 2024
(فوٹو: فائل)

زر مبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مہنگا ہوگیا۔

پریمیم نچلی سطح پر آنے کے باعث برآمد کنندگان کی جانب سے اپنی مستقبل کی برآمدی ترسیلات بھنانے کا عمل رکنے اور درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے نئے ہفتے کے آغاز پر ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ کمزور رہا۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں 9 اکتوبر کو اعلی سطحی وفد کے دورے، ذرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 10ارب 70کروڑ ڈالر کے ساتھ ڈھائی سال کی بلند سطح پر پہنچنے کی اطلاعات سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ایک موقع پر ڈالر کی قدر 4 پیسے کی کمی سے 277روپے 47 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

سپلائی میں بہتری آتے ہی درآمدی نوعیت کا دباو بڑھنے سے ڈالر نے پیشقدمی شروع کی جس ایک موقع پر ڈالر کی قدر 17پیسے کے اضافے سے 277 روپے 68 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

محدود اتارچڑھاؤ کے بعد کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 13 پیسے کے اضافے سے 277روپے 64پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 03 پیسے کے اضافے سے 279روپے 69پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔