رواں برس طِب کا نوبل انعام امریکی سائنس دانوں کے نام

ویب ڈیسک  پير 7 اکتوبر 2024
(تصویر: nobelprize.org)

(تصویر: nobelprize.org)

اسٹاک ہوم: نوبل انعام برائے طب (میڈیسن) 2024 حاصل کرنے والے سائنس دانوں کے نام کا اعلان کر دیا گیا۔ اس سال کا یہ اعزاز مشترکہ طور پر امریکی محققین وکٹر ایمبروز اور گیری رووکُن کے نام رہا۔

کیرولِنسکا انسٹیٹیوٹ میں قائم نوبل اسمبلی کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق دونوں سائنس دانوں کو یہ اعزاز مائیکرو آر این اے اور اس کے پوسٹ-ٹرانسکرپشنل جین ریگولیشن سے متعلق کردار کی دریافت پر دیا گیا ہے۔

انعام حاصل کرنے والے پروفیسر وکٹر ایمبروز ایک ڈیویلپمنٹل بائیولوجسٹ ہیں جو امریکا کی یونیورسٹی آف میساچیوسیٹس میڈیکل اسکول سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ گیری رووکُن ایک مالیکیولر بائیولوجسٹ ہیں اور امریکا کے ہارورڈ میڈیکل اسکول میں بطور جینیات کے پروفیسر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

(تصویر:nobelprize.org)

(تصویر:nobelprize.org)

تحقیق کے مطابق ہمارے کروموسومز میں موجود معلومات کا موازنہ ہمارے جسم کے تمام خلیوں کے لیے طبعی ہدایت سے کیا جا سکتا ہے۔ ہر خلیہ ایک جیسے کروموسومز رکھتا ہے اس لیے ہر خلیے میں ایک ہی طرح کے جینز اور بالکل ایک ہی جیسی ہدایات ہوتی ہیں۔

مزید برآں، پٹھے یا اعصاب کے خلیوں جیسے مختلف خلیے علیحدہ خصوصیات رکھتے ہیں۔ یہ فرق کیسے وقوع پذیر ہوتے ہیں؟ اس کا جواب جین ریگولیشن میں ہوتا ہے جو خلیوں میں صرف متعلقہ ہدایات کے انتخاب کی اجازت دیتی ہے۔ یہ چیز اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہر قسم کے خلیے میں جینز کی صرف درست قسم فعال ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔