حکومت سندھ کا ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ بینک کے ذریعے دینے کا فیصلہ

  کراچی: حکومت سندھ  نے ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ سندھ بینک کے ذریعے دینے کا فیصلہ کیا ہے.

اس سلسلے میں وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو، پی ڈی سوات پروجیکٹ لیاقت علی بھٹو، ڈائریکٹر جنرلز، سندھ بینک کے نمائندے اوردیگر افسران شریک ہوئے، جبکہ اجلاس میں سندھ میں ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ جاری کرنے سے متعلق صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی۔

وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بینظیر ہاری کارڈ سندھ بینک کے ذریعے ہاریوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سندھ بینک کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اور بینظیر ہاری کارڈ کے اجرا کی افتتاحی تقریب عنقریب منعقد کی جائے گی۔

سردار محمد بخش مہر کا مزید کہنا تھا سندھ میں پہلے مرحلے میں 2 لاکھ 98 ہزار رجسٹرڈ ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ جاری کیے جائیں گے اور 25 ایکڑ تک زمین رکھنےوالے ہاریوں کو بینظیر ہاری کارڈ دیے جائیں گے، ہاری کارڈ میں باردانہ کی خریداری، بیج کھاد، یوریا، کیڑے مار ادویات پر سبسڈی اور قدرتی آفات کے وقت امداد مل سکے گی۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ میں مزید 14 لاکھ ہاریوں کی رجسٹریشن بہت جلد شروع کی جائے گی، حکومت سندھ کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے ریلیف دے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ بینک کو بینظیر ہاری کارڈ بنوانے کی اجازت دے دی ہے.

پراجیکٹ ڈائریکٹر لیاقت علی بھٹو نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ حکومت نے بینظیر ہاری کارڈ کے لیے 8 ارب روپے کی رقم رکھی ہے۔