اے این ایف کی گہرے سمندر میں کارروائی، 60 کلوگرام آئس تحویل میں لے لی

اسٹاف رپورٹر  پير 7 اکتوبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے مکران کوسٹل لائن کے قریب کامیاب کارروائی کے دوران منشیات کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی۔ 

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے خفیہ اطلاع پربلوچستان کے ساحلی مقام مکران کوسٹل لائن کے قریب کارروائی کے دوران سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

اے این ایف نے نگرانی کے بعد خلیج عمان جانے والی اسپیڈ بوٹ کا طویل پیچھا کیا،جیوانی کے قریب گہرے سمندرمیں کامیاب آپریشن کے ذریعے بڑی مقدارمیں آئس برآمد کی گئی۔ کئی گھنٹوں پرمحیط آپریشن میں مجموعی طورپر60کلوگرام آئس تحویل میں لی گئی، برآمد شدہ آئس مختلف پیکٹوں اور ڈبوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گہرے سمندر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان فرارہوگئے جن کی تلاش کے لیے آپریشن کیا گیا، کم افرادی قوت اوروسائل کے باوجود اینٹی نارکوٹکس فورس کی بڑی کامیاب کارروائی رہی۔

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی،ملزمان کےخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکےمزید تحقیقات کا آغازکردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔