ن لیگ کے ساتھ الائنس کا پیپلزپارٹی کو سیاسی نقصان ہوا گورنر پنجاب

عوام کی خاطر گولی کھانے والی بے نظیر کے بیٹے بلاول کو وزیراعظم بنوائیں گے، سردار سلیم حیدر


ویب ڈیسک October 07, 2024
فوٹو فائل

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ الائنس کا پیپلزپارٹی کو سیاسی نقصان ہوا مگر عوام کی خاطر گولی کھانے والی بے نظیر کے بیٹے بلاول کو وزیراعظم بنوائیں گے۔

گورنر پنجاب نے رانا اکرم کی جانب سے دیے گیے پنجاب کے علاقے رحمان پورہ میں استقبالیے میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے صوبے کی بہتری کرنی ہے، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے مطابق سیدھا میرٹ پر چلنا ہے اور کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرسیوں کا مقررہ وقت نہیں ہوتا، سر اٹھا کر آیا تھا اور سر اٹھا کر گورنر ہاؤس سے جاؤں گا، میرا عمل میرٹ پر کام کرنا ہے، اب میں لاہور کے گلی محلوں میں اُن لوگوں کے پاس جارہا ہوں جنہوں نے اپنی زندگی پارٹی کو دی اور اُن مایوس گھر بیٹھے کارکنوں کو باہر نکالوں گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اتحادی حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی محبت کا نہیں مجبوری کا الائنس ہے کیونکہ اس وقت ملک کسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا، اگر پاکستان سیاسی طور پر مضبوط نہیں ہوگا تو کوئی چیز بھی بہتر نہیں ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف آلائنس کو چلانا ہے جبکہ یہ بھی جانتے ہیں کہ اس سے پیپلزپارٹی کو سیاسی نقصان ہورہا ہے۔ احتجاج ضرور ریکارڈ کروائیں لیکن ملک کی عزت و وقار کے لیے اکھٹے ہوجائیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چین کے صدر کو ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے جب کوئی یہاں آنے کو تیار نہیں تھا، اب بیرونی سازشیں، دہشت گردی اور لا اینڈ آرڈر کی صورت حال شروع کردی گئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ڈی چوک دھرنا دیا گیا، سرکاری ٹی وی پر حملہ کیا گیا یہ سب کچھ اسی پی ٹی آئی نے کیا، ملایشیا کے وزیر اعظم آئے ہوئے تھے سیکورٹی والوں نے ان کو روکے رکھا، 9 ملکوں کے وزیراعظم پاکستان آ رہے ہیں، روڈ بند کرنے کی بات کرنے کی بات کرنے والے کو اس وقت محب وطن نہیں کہہ سکتا۔

 

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ چیزیں بہتری کی طرف آنا شروع ہوگئی ہیں، مہنگائی اور پیٹرول کی قیمت کم ہورہی ہے، کامیاب شنگھائی کانفرنس سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی، خدا کے لیے اپنی سیاست کو کچھ وقت کے لیے چھوڑ دیں اور غریب کو ریلیف دینے کے لیے سر جوڑ کر بیٹھیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت ہٹ دھرمی چھوڑ دے تو ملک اور اُن کے لیے بھی یہی بہتر ہوگا، اگر انہوں نے منفی سیاست نہ چھوڑی تو پھر پی ٹی آئی تباہ ہو جائے گی، عقل کو استعمال کریں ملک کے لیے ان کے لیے بھی بہتر ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں