علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 پیر7تا 13 اکتوبر 2024


October 06, 2024
 پیر7تا 13 اکتوبر 2024

برج حمل

سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل

پیر اور منگل کو بیرون ملک سفر کے لیے کوشش کام یابی لاسکتی ہے۔ والدہ کی صحت اور سفر دونوں کا امکان ہے کسی زیارت پر جانے کا موقع مل سکتا ہے۔ بدھ اور جمعرات کو کیریئر میں بہتری کی امید نظر آتی ہے۔ گھر یا رہائش گاہ کی تبدیلی کے امکانات موجود ہیں۔ بیرون ملک یا کسی عالمی ادارے کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔

برج ثور

سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی

پیر اور منگل کو بے حساب آنے والے خیالات کی بنا پر ذہن الجھ سکتا ہے۔ ممکن ہے کوئی خواب پریشان کردے۔ کوئی خوف لاحق ہوسکتا ہے۔ ایسے میں حالات کے تناؤ میں کوئی فیصلہ جلدبازی میں نہ کریں۔ مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ بدھ اور جمعرات کو حالات میں بہتری کا امکان موجود ہے لیکن یہاں آپ جذبات اور غصے کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔ محتاط رہیں۔

برج جوزا

سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون

شریکِ حیات ہو یا بزنس پارٹنر آپ کے لیے تناؤ کا ماحول تیار ہے۔ بچوں کی صحت کا خیال رکھیں اور اپنے اعصاب پر قابو رکھیں۔ ایسا محسوس ہوسکتا ہے کہ محبوب آپ کا نہیں رہا یا اس کا رویہ آپ کو پریشان کرسکتا ہے۔ متضاد سوچیں آپ کو گھیر سکتی ہیں۔ مالی تناؤ رہ سکتا ہے اور غیرضروری اخراجات بھی ہوسکتے ہیں۔ کسی دوست سے امید کسی حد تک پوری ہوسکتی ہے۔

برج سرطان

سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی

آپ نہایت حساس طبع واقع ہوئے ہیں۔ گھر کے ماحول میں تناؤ اور کچھ ایسے واقعات ممکن ہیں جو اس خیال کو تقویت دیں کہ ہمارے گھر کو کسی کی نظر تو نہیں لگ گئی؟ کسی نے جادو تو نہیں کردیا؟ کیوںکہ کوئی ایسا واقعہ کہ جو ناقابلِ یقین ہے ہوسکتا ہے۔ بدھ اور جمعرات کو شریکِ حیات کے ساتھ نرم رہیں کیریئر اور عزت کی فکر لاحق ہوسکتی ہے۔

برج اسد

سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست

بیرون ملک سفر ہو اعلٰی تعلیم ہو یا پھر بزرگوں کا تعاون اس سلسلے میں کچھ الجھاؤ ہوسکتا ہے۔ ایسے ہی وقت دو دوست آپ کے لیے آسانیاں بنانے کی کوشش کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ممکن ہے آپ کی اولاد کا بھی اس سلسلے میں کوئی کردار ہو۔ سفر ہوسکتا ہے۔ کوئی پرانی تلخی یاد یا واقعہ پھر سے تازہ ہوسکتا ہے۔ اپنے اعصاب پر قابو رکھیں۔

برج سنبلہ

سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر

شریکِ حیات کے ساتھ تعلق میں تناؤ اور نرمی ایک ساتھ نظر آتی ہے۔ اپنے اعصاب پر قابو رکھیں۔ آپ کا مشتری راجع ہوچکا ہے۔ شریکِ حیات کی غلطی معاف کرنے کے لیے خود کو آمادہ رکھیں۔ ہوسکتا ہے بعض اوقات اس کا رویہ سرد اور ناقابلِ فہم ہوجائے۔ بدھ اور جمعرات کو محبوب اور اولاد سے جذباتی خوشی مل سکتی ہے اور ان کے ساتھ تعلق میں خوب صورتی کا ایک پھول اور کھل سکتا ہے۔

برج میزان

سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23 اکتوبر

مشتری اور عطارد کی تثلیث سفر اور تعلیم کے حصول میں کافی مددگار ہوسکتے ہیں۔ اگرچہ کچھ الجھنیں موجود ہیں۔ کچھ غلط فہمیاں اور مسائل کے باوجود آپ تیزی سے اپنے مسائل کے مطابق وسائل کا انتظام کرلیں گے۔ اپنے فیصلے فی الحال خود نہ کریں۔ ایک دوست جس کے پاس انتظامی صلاحیت موجود ہے اسی کے مشورے کو اہمیت دیں۔

برج عقرب

سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر

آپ کے ہاتھ سے کسی کا بھلا ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے آپ کسی کے کام آئیں۔ آپ کی توجہ بچوں کی صحت اور بیرون ملک سفر پر رہے گی۔ بدھ اور جمعرات کے ایام آپ کو مطلوبہ اہداف کے قریب کرسکتے ہیں۔ شریکِ حیات کا رویہ ممکن ہے۔ آپ کے لیے تکلیف دہ ہو۔ آمدن بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ آمدن سے اخراجات کا گراف بلند ہے۔ اس ہفتے کسی سے قرض حسنہ یا مدد مل سکتی ہے۔

برج قوس

سیارہ مشتری ، 23 نومبر تا 22 دسمبر

آپ کا سیارہ مشتری الٹا سفر کرچکا ہے۔ آپ سے ازدواجی رشتے میں غلطیاں ہوسکتی ہیں۔ اس کی وجہ اولاد یا افیئر ہوسکتا ہے۔ آپ کی سوچیں آپ کو ''مس گائڈ'' کرسکتی ہیں۔ آپ کے نظام انہضام میں مسائل ہوسکتے اور جنسی مسائل بھی سر اٹھاسکتے ہیں۔ کوئی انفیکشن یا نہ سمجھ میں آنے والی تکلیف ہوسکتی ہے۔ ممکن ہے ایسی تکلیف آپ کی فیملی میں بھی ہو۔

برج جدی

سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری

نئی ملازمت یا کاروبار کے حوالے سے نیا موقع مل سکتا ہے، لیکن اس بات کی تسلی کرلیں کہ اس ذمے داری کو آپ نبھا بھی سکتے ہیں یا نہیں، کیوںکہ یہاں آپ کافی الجھے ہوئے نظر آتے ہیں اور ایسے مسائل کہ جن کی بظاہر کوئی وجہ نہیں آپ کو الجھاسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں اس ہفتے کے آخری دو دن اہم ہوسکتے ہیں۔ اپنے معدے کا خیال رکھیں۔ انفیکشن یا موسم کی تبدیلی کسی بیماری کو موقع دے سکتی ہے۔

برج دلو

سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری

پرانے دوست، بڑا بھائی یا عمررسیدہ تعلق (آپ سے عمر میں زیادہ) آپ کی تعلیم اور بیرون ملک سفر میں مددگار ہوسکتے ہیں۔ آپ کی مذہبی سوچ اور تحقیق بالکل عملی اور حقیقت کے قریب ہوسکتی ہے، لیکن ضروری نہیں کہ دوسرے بھی آپ کی تحقیق سے متفق ہوں۔ ممکن ہے کسی مخالف کو آپ پر کفر کا فتویٰ لگانے کا موقع مل جائے۔ اس لیے بہتر ہے کہ اپنی رائے اور تحقیق پر مزید کام کریں۔

برج حوت

سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ

اس ہفتے کی ابتدا ہی مالی فائدہ لاسکتی ہے۔ دوستوں سے میل ملاقات اور ان سے بہتر مشوروں کے ساتھ ساتھ مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے دوست کا رویہ کچھ تنقیدی ہو لیکن اسے کڑوا گھونٹ سمجھ کر پی لیں، کیوںکہ سچا دوست ہی سخت بات بول سکتا ہے۔ صحت کا معمولی سا بھی معاملہ ہو تو اسے معمولی نہ سمجھیں فوراً معالج سے رجوع کریں، ورنہ مرض طویل ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں