نقاب پوش سیکیورٹی گارڈ کو دیکھتے ہی گرفتار کرنے کا حکم

ڈبل کیبن گاڑیوں کے ذریعے اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائیگی، ڈی جی رینجرز کی صدارت اجلاس میں فیصلے

ڈبل کیبن گاڑیوں کے ذریعے اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائیگی، ڈی جی رینجرز کی صدارت اجلاس میں فیصلے، ۔فوٹو:فائل

نقاب پوش سیکیورٹی گارڈز اور گن مینوں کو شہر میں گشت کرنے کی اجازت نہیں انھیں دیکھتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔

ڈبل کیبن گاڑیوں کے ذریعے اسلحے کی نمائش اور شہریوں کو ہراساں کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اس طرح کی گاڑیوں کو ضبط کرلیں گے، ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے فرقہ ورانہ یا لسانی بنیاد پر انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، شاپنگ مالوں اور عید بازاروں سمیت شہر بھر میں سیکیورٹی کو بڑھانے اور رینجرز کوئیک ری ایکشن فورس کو اہم مقامات پر تعینات کرنے کا فیصلہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ڈی جی رینجرز کی سر براہی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈی جی رینجرز کو ملک میں امن امان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ممکنہ خطرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز نے شاپنگ مالوں اور عید بازاروں سمیت شہر بھر میں سیکیورٹی کو بڑھانے اور رینجرز کوئیک ری ایکشن فورس کو خصوصی اور اہم مقامات پر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میںرینجرز کے جوان کم وقت میں جائے وقوع پر پہنچ سکیں، ترجمان کا کہنا ہے ضابطہ اخلاق کے تحت ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر سختی سے ممانعت ہے صرف وردی میں ملبوس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو اپنے ساتھ اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے۔


ترجمان کے مطابق سیکیورٹی گارڈ ز اور نجی محافظوں کو بھی ضابطہ اخلاق کی پابندی لازمی کرنا ہوگی اور انھیں اپنے اسلحہ کے ساتھ لائسنس سمیت تمام ضروری دستاویزات مہیا کرنا ہوںگے خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کر لیا جائے گا، اسلحہ کے لائسنس کی فوٹو کاپی ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی اور مذکورہ اسلحے کو ضبط کر لیا جائے گا، ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو لوٹنے والے جعلی پارکنگ ٹھیکیداروںکے کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیںہے اور کسی بھی مقصد کے لیے سڑک بلاک کرنے اجازت نہیں دی جاسکتی ، اجلاس میں شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا بھتے سے متعلق شکایات رینجرز کی ہیلپ لائن1101درج کرائی جائیں۔

 

 
Load Next Story