دوحصوں میں تقسیم کے بعد ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی پہلی پریس کانفرنس

آفتاب خان  منگل 8 اکتوبر 2024
فوٹو- فائل

فوٹو- فائل

  کراچی: ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار نے سول ایوی ایشن کی دوحصوں میں تقسیم کے بعد پہلی پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے تمام طیاروں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی ہوا بازی تنظیم کی آڈٹ رپورٹ بھی آگئی ہے جس کے مطابق پاکستان کے ایئر سیفٹی اقدامات خطے میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل   ہیں۔

ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار  نے کہا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن کی کارکردگی بھارتی ایوی ایشن سے اعداوشمار کے اعتبار سے کافی بہتر ہے اس کے علاوہ پاکستان میں کمرشل پروازوں کی آمد آئندہ چند دنوں میں بڑھنے کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک ایوی ایشن مارکیٹ میں بھی بہتری کی گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد پیدا ہونے والے جمود کے بعد اب بین الاقوامی ایوی ایشن مارکیٹ میں اضافہ ہوا ہے نئی ایئر لائنز پاکستان میں فضائی آپریشنز کی خواہشمند ہیں یورپ میں پروازوں پر پابندی نومبر میں اٹھائے جانے کی قوی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر شہروں سکھر،ملتان ،فیصل آباد ،سیالکوٹ،گوادر اور دیگر چھوٹے شہروں کے مسافروں کو جلد فضائی سہولیات کی فراہمی شروع ہوجائے گی جس کے لیے اجازت مانگ لی ہے اور سال 2025 کی دوسری سہ ماہی تک ان شہروں میں پروازیں چلنا شروع ہو جائیں گی جس کے لیے ائیرلائن چھوٹے طیارے لارہی ہے جس میں 40 سے 50 مسافروں کےبیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

ڈی جی سول ایوی ایشن  نے بتیا کہ موثر درجہ بندی کی ریٹنگ میں 2021 میں پاکستان کے 70 پوائنٹس تھے جو بڑھ کر 84 ہوگئے ہیں انہوں نے کہا  کہ ملک میں اس وقت 700 پائلٹس کام کررہے ہیں جس میں سے 26 فیصد غیر ملکی پائلٹس ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔