فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ سے قبل نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائیگا فاروق نائیک

نئے چیف جسٹس کا نوٹی فکیشن وزارت قانون کو جاری کرنا ہوتا ہے اور یہ حکومت کا کام ہے، میڈیا ٹاک

(فوٹو : فائل)

سینئر وکیل اور وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ سے پہلے نئے چیف جسٹس کا نوٹی فکیشن آجائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وکلاء کنونشن میں، میں نے بطورِ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل شرکت نہیں کی، کنونشن کرنا وکلاء کا حق ہے ، آئینی عدالت سے متعلق ہمارا ایک موقف ہے کہ آئینی عدالت بننی چاہیے، آئینی عدالت سے ملک کا فائدہ ہی ہے نقصان نہیں، آئینی عدالت کی تشکیل سے بہت سارے کرمنل اور سول کیسز کم ہوجائیں گے۔


فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ وزیر قانون نے ہمیں مجوزہ آئینی ترمیم کا ڈرافٹ بھیجا تھا جس کاہم نے جائزہ لیا، ہم نے اس میں کچھ ترامیم اور تبدیلیاں کرکے اپنی گزارشات واپس بھیجیں ہیں، نواز شریف اور بے نظیر بھٹو شہید نے میثاق جمہوریت میں آئینی عدالت بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں ںے صحافیوں سے کہا کہ نئے چیف جسٹس کا نوٹی فکیشن وزارت قانون کو جاری کرنا ہوتا ہے یہ حکومت کا کام ہے، میں سمجھتا ہوں قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ سے پہلے نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن آجائے گا۔
Load Next Story