عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر وکلا نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی
جیل انتظامیہ کا عمل عدالتی احکامات کے برخلاف ہے،توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے اور ملاقات کرائی جائے،انتظار پنجھوتھہ
October 08, 2024
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر وکلا نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں سیکریٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی وکلاء سے ہفتے میں دو دن ملاقات کا آرڈر کیا، طے کردہ ایس او پیز کے مطابق جیل حکام کو آج ملاقات کرنے والے وکلاء کی فہرست بھیجی، جیل حکام نے آگاہ کیا کہ وکلاء کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جائے گی۔
درخواست میں کہا گیا کہ فریقین کا کنڈکٹ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے، توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے اور عدالت بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات کرانے کا حکم بھی جاری کرے۔