عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواستیں دائر

عمران خان عدلیہ اور سابق چیف جسٹس افتخارچودھری کو تضحیک کا نشانہ بنارہےہیں، درخواستوں میں موقف


ویب ڈیسک July 17, 2014
عمران خان اپنے بیانات میں کہتے رہے ہیں کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی میں ریٹرننگ افسران اور سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری بھی ملوث ہیں۔ فوٹو: فائل

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنانے پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی الگ الگ درخواستیں دائر کرائی گئی ہیں۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر کی جانب سے ایڈووکیٹ حشمت حبیب نے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کی عدلیہ اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ افتخارمحمد چوہدری کو مسلسل تضحیک کا نشانہ بنارہے ہیں، عمران خان کا یہ رویہ اور ان کے بیانات آزاد عدلیہ پر حملے کے مترادف ہیں، اس لئے عدالت عظمیٰ سے اپیل ہے کہ عدلیہ اور سابق چیف جسٹس کی بے توقیری کرنے پر ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب مولوی اقبال حیدر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان عدلیہ اور سابق چیف جسٹس افتخارچودھری کو تضحیک کا نشانہ بنارہے ہیں، اس لئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے بیانات میں کہتے رہے ہیں کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی میں ریٹرننگ افسران اور سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری بھی ملوث ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔