چینی وزیراعظم کے دورے میں بجلی کے منصوبوں کا اربوں ڈالر قرض ری پروفائلنگ کا امکان

  اسلام آباد: چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے دورہ پاکستان کے دوران پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت بجلی کے منصوبوں کے 15 ارب 40 کروڑ ڈالرز قرضے کی ری پروفائلنگ کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے وزریراعظم لی کیانگ کے دورہ کے موقع پر سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبوں کے 15 ارب 40 کروڑ ڈالر کے قرضے ری پروفائلنگ کا امکان ہے اور اس کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ڈیٹ ری پروفائلنگ کے ایم اویوز پر دستخط کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نےسی پیک کے تحت بجلی منصوبوں کے قرضوں کی ری پروفائلنگ کی تجویز دی ہے اور چینی وزیراعظم کے دورے میں ان قرضوں کی ری پروفائلنگ کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی ریٹ کم کرنے پر رضامند چینی آئی پی پی کے انجینئرز کو کراچی میں نشانہ بنایا گیا، وزیر خزانہ

انہوں نے بتایا کہ ڈیٹ ری پروفائلنگ سے پاکستان کی مجموعی ادائیگی کابوجھ ایک ارب22 کروڑ ڈالرز بڑھ جائے گا اور ادائیگی میں 5 سال توسیع سے ادائیگی کا حجم 15.4 ارب سے بڑھ کر 16.62 ارب ڈالرز ہوجائے گا۔

چینی وزیراعظم کے دورے کے موقع پر پاکستان کا پرائیویٹ پاورانفرا اسٹرکچر بورڈ اور چینی کمپنیاں ایم اویوز پر دستخط کریں گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈیٹ ری پروفائلنگ میں تین سال تک چین کو ادائیگی نہ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، ڈیٹ ری پروفائلنگ ایم او یو کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔