وزیراعظم کا دورہ جی ایچ کیو ضرب عضب کی کامیابیوں پرمسلح افواج کو خراج تحسین

آرمی چیف نے وزیر اعظم کو جی ایچ کیو میں آپریشن ضرب عضب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی


ویب ڈیسک July 17, 2014
وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، سرتاج عزیز اور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: وزیراعظم نواز شریف نے پاک فوج کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف جنرل ہیڈ کوارٹرز رالپنڈی پہنچے تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا، پاک فوج کے جوانوں نے وزیر اعظم کو گارڈآف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

دورہ جی ایچ کیو کے دوران وزیراعظم نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ دورے کے دوران عسکری حکام نے وزیر اعظم کو آپریشن ضرب عضب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 450 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ دہشتگردوں کی کارروائیوں سے اب تک دو کیپٹن سمیت 26 جوان شہید ہو چکے ہیں۔ میرانشاہ کو مکمل کلیئر کر لیا گیا ہے جبکہ میر علی کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔ جہاں دہشتگردوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔ اگلے مرحلے میں شوال اور دتہ خیل میں کارروائی کی جائے گی اس کے علاوہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا جائےگا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ضرب عضب کے لئے ہر ممکن مالی وسائل فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ آئی ڈی پیزکی امداد اور ان کی بحالی کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔