نیب کی پرویز الہی کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی ریکوری

 لاہور: قومی احتساب بیورو لاہور نے سابق وزیراعلی پنجاب و دیگر کیخلاف تعمیراتی ٹھیکوں کے کرپشن اسکینڈل میں اہم ریکوری کرلی۔

ترجمان نیب لاہور کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے 3 کروڑ 68 لاکھ مالیت کا چیک پنجاب حکومت کے حوالے کیا۔ ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی موجودگی میں ایڈیشنل سیکرٹری فنانس عبدالاصمد نے وصول کیا۔

ریکوری سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی و دیگر کیخلاف تعمیراتی ٹھیکوں میں کک بیکس کیس میں ہوئی۔  سابق چیف فنانشل آفیسر اکرام نوید سے پلی بارگین سے 1 کروڑ 72 لاکھ روپے وصول کئے گئے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر کا کہنا ہے کہ کرپشن اسکینڈلز میں قومی دولت کی برآمدگی نیب کی اولین ترجیح ہے، ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں لاہور بیورو بہترین کام کر رہا ہے، نیب کے تمام اقدامات ملکی و عوامی مفاد میں ہونگے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہا کہ چیئرمین نیب کے ویژن کے مطابق پارلیمانی نمائندگان و بزنس کمیونٹی کیلئےاحتساب سہولت سیل قائم کیا گیاہے، جس کا دائرہ کار قومی اسمبلی، صوبائی پارلیمان کے بعد بیوروکریسی تک پھیلایا گیاہے، چیئرمین نیب کے حالیہ اقدامات سے عوام کا نیب پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔