پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشیں دوسرے روز بھی جاری

اسلام آباد، بالائی پنجاب،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان ہفتے تک مینہ برسنے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک July 17, 2014
بارش کے باعث لاہور کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ فوٹو: فائل

پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دوسرے روز بھی مون سون بارشیں جاری ہیں جس نے موسم کو خوشگوار بنادیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں نوشہرہ اور بنوں میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے، موسلا دھار بارشوں کے باعث وادی سوات کا حسن دوبالا ہوگیا ہے جس سے لطف اندوز ہونے کے لئے ملک بھر سے سیاح آنا شروع ہوگئے ہیں۔ گلگت بلتستان کے علاقوں ہنزہ نگر اور غذر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش نے خشک موسم کی وجہ سے مرجھائے ہوئے پودوں کو ایک نئی زندگی عطا کردی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اور اس کے جڑواں شہرراولپنڈی میں دوسرے روز بھی پہلے کالی گھٹائیں چھائیں اور بھربادل خوب گرجے، پہلے رم جھم ہوئی اور پھر اس نے شدت اختیار کرلی۔ لاہور میں آج صبح موسم انتہائی گرم تھا اور سورج نے بھی اپنے تیور دکھانے شروع کردیئے تھے تاہم اچانک ہی کالی گھٹاؤں نے سورج کو اپنی اوٹ میں چھپا لیا اور پھر موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور چیچہ وطنی میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان ہفتے تک مینہ برسنے کا امکان ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے عوام کو ابر کرم کے لئے مزید کچھ روز انتطار کرنا پڑے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |