منی لانڈرنگ کیس شلپا نے گھر سے بےدخلی کا نوٹس عدالت میں چیلنج کردیا

اداکارہ اور اُن کے شوہر راج کندرا کو اپنا رہائشی فلیٹ خالی کرنے کا نوٹس ملا ہے


ویب ڈیسک October 09, 2024
شلپا شیٹھی اور راج کندرا نے نوٹس کو چیلنج کرتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا : فوٹو : فائل

بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی اور اُن کے بزنس مین شوہر راج کندرا نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں اپنا رہائشی فلیٹ اور ایک فارم ہاؤس خالی کرنے کا نوٹس عدالت میں چیلنج کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں شلپا شیٹھی اور راج کندرا کو نوٹس ملا تھا جس میں اس جوڑی کو ممبئی کے جوہو علاقے میں اپنا رہائشی فلیٹ اور پونے میں ایک فارم ہاؤس خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

شلپا شیٹھی اور اُن کے شوہر نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ملنے والے نوٹس کو چیلنج کرتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا، جوڑی کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست پر آج 9 اکتوبر بدھ کے روز سماعت ہوئی۔

عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو نوٹس جاری کیا اور معاملے کی سماعت جمعرات کو مقرر کی۔

شلپا شیٹھی اور راج کندرا کے وکیل نے کہا کہ اداکارہ اور اُن کے شوہر کو بے دخلی کا نوٹس 3 اکتوبر کو موصول ہوا تھا، انہوں نے نوٹس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

درخواست کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سال 2018 میں امیت بھردواج اور دیگر کے خلاف مبینہ بٹ کوائن فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزام میں شکایت درج کی تھی لیکن شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر کو کیس میں ملزم کے طور پر نامزد نہیں کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کی 100 کروڑ مالیت کی جائیداد ضبط کرلی گئی

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ ای ڈی نے اپنی جانچ پڑتال کے دوران راج کندرا کو کئی مواقع پر پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا اور وہ ہر سمن کے بعد ایجنسی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

درخواست کے مطابق رواں سال اپریل میں شلپا شیٹھی اور راج کندرا کو ایک نوٹس موصول تھا جس میں ان کے اثاثوں کو عارضی طور پر ضبط کرنے کا حکم دیا گیا تھا جن میں جوہو میں ان کی رہائشی جگہ بھی شامل تھی جو راج کندرا کے والد نے سال 2009 میں خریدی تھی۔

بعدازاں، اس نوٹس کو خارج کردیا گیا تھا اور 27 ستمبر اور 3 اکتوبر کو شلپا شیٹھی اور راج کندرا کو دو نوٹس موصول ہوئے تھے جس میں اُنہیں اپنا رہائشی فلیٹ اور فارم ہاؤس خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سزا سے قبل بےدخلی کا کوئی حکم یا نوٹس جاری نہیں کیا جا سکتا جبکہ شلپا شیٹھی اور راج کندرا کی رہائشی جگہ کا منی لانڈرنگ کیس کی کسی آمدنی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں