بالی ووڈ کی سینیئر اداکارہ ریکھا نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن سے دوستی ختم کرنے کی وجہ بتا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریکھا نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن اور اپنے تعلقات اور پھر دوستی ختم کرنے کے بارے میں بات کی۔
ریکھا نے کہا کہ ایک بار جیا بچن نے مجھے ڈنر کے لیے مدعو کیا تھا، مجھے اُمید نہیں تھی کہ جیا خوشی سے میرا استقبال کریں گی لیکن میں اُن کا پُرجوش استقبال دیکھ کر حیران رہ گئی تھی۔
سینیئر اداکارہ نے کہا کہ جیا کو میری اور امیتابھ بچن کی دوستی کا علم تھا اور انہیں اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں تھا لیکن جب اُنہیں معلوم ہوا کہ امیتابھ میرے لیے اپنے دل میں جذبات رکھتے ہیں تو اس بات سے جیا کو بہت غصہ آیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ پھر جیا نے مجھے کھانے پر مدعو کیا اور ہم نے امیتابھ بچن کے بارے میں بات کی اور پھر جیا نے مجھے دھمکی دی کہ چاہے کچھ ہوجائے وہ امیت کو کبھی نہیں چھوڑیں گی۔
مزید پڑھیں: ریکھا شوہر کی موت کے بعد بھی 'سندور' کیوں لگاتی ہیں؟ وجہ سامنے آگئی
ریکھا نے مزید کہا کہ جیا کی اس دھمکی کے بعد، میں نے خود ہی امیتابھ سے دوستی اور رابطہ ختم کردیا تھا اور پھر ہم دونوں کبھی ایک ساتھ اسکرین پر نظر نہیں آئے۔
واضح رہے کہ ریکھا ایک زمانے میں امیتابھ بچن سے بے پناہ محبت کرتی تھیں، دونوں ستارے آخری مرتبہ 1981 میں یش چوپڑا کی فلم "سلسلہ" میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔
جیا بچن کے ساتھ شادی کے باوجود بھی امیتابھ بچن کے ریکھا کے ساتھ عشق کے چرچے زباں زدعام تھے حالانکہ ان تینوں نے فلم 'سلسلے' میں ایک ساتھ بھی کام کیا جو بعد میں بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی تھی۔