سدھو موسے والا کو پہلے ہی اپنے قتل کا علم تھا اہم انکشاف

گلوکار نے قتل کے ڈر سے بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا

سدھو موسے والا کو سال 2022 میں گینگسٹر نے گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کیا تھا : فوٹو : فائل

بھارت کے آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبول ریئلیٹی شو بگ باس سیزن 18 کے امیدوار اور سیاسی رہنما تاجندر بگّا نے حالیہ قسط کے دوران گلوکار سدھو موسے والا کے قتل سے متعلق اہم انکشاف کیا۔

تاجندر بگا نے دعویٰ کیا کہ ایک نجومی نے سدھو موسے والا کو پہلے ہی اُن کی موت سے خبردار کردیا تھا اور ساتھ ہی اُنہیں بھارت چھوڑنے کی تجویز بھی دی تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ سدھو موسے والا نے نجومی کی پیشگوئی پر یقین کرتے ہوئے ملک چھوڑنے کا منصوبہ بھی بنا لیا تھا، اُنہوں نے اپنی تیاری مکمل کرلی تھی لیکن نجومی کی پیشگوئی کے 8 دن بعد ہی سدھو کو قتل کردیا گیا تھا۔


مزید پڑھیں: سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش

تاجندر بگا نے مزید کہا کہ میں نے خود بھی نجومی سے رابطہ کیا تھا اور پھر سدھو کو اُن کی زندگی کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے 29 مئی 2022 کو سدھو موسے والا کی گاڑی پر فائرنگ کرکے اُنہیں قتل کیا تھا، گلوکار کو 30 گولیاں لگی تھیں۔

سدھو موسے والا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھے لیکن رواں سال مارچ میں گلوکار کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
Load Next Story