پاکستانی ڈراموں نے بھارت میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے

پاکستانی ڈراموں نے نہ صرف بھارتی عوام کو اپنا گرویدہ بنالیا بلکہ مختلف حلقوں میں بھی ان کے چرچے کئے جارہے ہیں

بھارتی ڈراموں میں چھوٹی چھوٹی باتوں کو بہت بڑھا چڑھا کر دکھایا جاتا ہے جبکہ پاکستانی ڈراموں میں کہانی بیان کرنے کا انداز بالکل مختلف ہے، بھارتی ماہرین فوٹو: فائل

یوں تو پاکستانی ڈراموں کو جاندار کہانی، خوبصورت اداکاری اور بےڈھنگے پن سے پاک ہونے کی وجہ سے عوام میں خاصی مقبولیت حاصل ہے لیکن اب ان کی دھوم پڑوسی ملک بھارت میں بھی خوب مچ رہی ہے اور اب نہ صرف پاکستانی ڈرامے بھارتی ٹی وی پر دکھائے جارہے ہیں بلکہ انہیں بھارتی عوام میں کافی مقبولیت بھی حاصل ہورہی ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے نجی ٹی وی چینل ''زندگی'' پر چند پاکستانی ڈرامے نشر کئے جارہے ہیں جنہیں نہ صرف بھارتی عوام میں پذیرائی حاصل ہورہی ہے بلکہ بھارت کے مختلف حلقوں میں بھی ان کے چرچے کئے جارہے ہیں، چینل پر ان دنوں پاکستانی ٹی وی سیریلز ''نور پور کی رانی''، ''کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی'' اور ''زندگی گلزار ہے'' نشر کئے جارہے ہیں جنہیں بھارتی عوام کی بڑی تعداد پسند کر رہے ہیں۔

بھارتی ڈراموں کے ہدایتکار اور مبصرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارتی ڈرامہ سیریلز گزشتہ 10 برسوں سے ایک جیسے ہی ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ہم ناظرین سے وابستہ ہونے کے لئے بس جذبات کا سہارا لیتے ہیں جبکہ پاکستانی ڈراموں کی زبان بڑی شائستہ اور اصلی ہے اور ان میں کوئی جذباتی پن نہیں، پاکستانی ڈرامے طویل نہیں ہوتے جب کہ بھارتی ڈرامے برسہا برس تک کھینچتے چلے جاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈراموں میں چھوٹی چھوٹی باتوں کو بہت بڑھا چڑھا کر دکھایا جاتا ہے جس سے کردار نقلی اور منفی لگتے ہیں، ایسے ڈراموں میں کوئی نہ کوئی کردار ایسا ہوتا ہے جو خاندان کا امن و سکون تباہ کرنے پر تلا رہتا ہے جبکہ پاکستانی ڈراموں میں کہانی بیان کرنے کا انداز بالکل مختلف اور سادہ ہے جو ناظرین کی نفسیات اور مزاج کے عین مطابق ہے۔
Load Next Story