زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی

  کراچی: درآمدات کے مقابلے میں انفلوز میں بہتری کے باوجود زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بدھ کو بھی ڈالر کی محدود پیمانے پر پیش قدمی جاری رہی۔

ستمبر 2024 کے دوران ورکرز ریمیٹنسز میں 29فیصد کی نمو، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد دیگرعالمی مالیاتی اداروں سے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کے وعدوں اور وزیراعظم کی سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدے تصدیق کی خبروں سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مضبوط  رہا۔

خام تیل کے خلیجی پروڈیوسرزکی جانب سے اپنے جنوبی ایشیا کے خریداروں کو فی بیرل تیل 80 ڈالر میں فراہم کرنے کی اطلاعات، سپلائی کی بہتر صورتحال کو بھانپتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید بہتر بنانے کی غرض سے ڈالر کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 05پیسے کے محدود اضافے سے 277روپے 72پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 05 پیسے کے اضافے سے 279 روپے 61 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔