پشاور صوبائی کابینہ کا اجلاس پولیس ایکٹ اور قیدیوں سے متعلق رولز میں ترامیم کی منظوری

کابینہ کے اجلاس میں ضم اضلاع میں بحالی مراکز کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری بھی دی گئی، محکمہ اطلاعات کے پی


ویب ڈیسک October 09, 2024
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا—فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا حکومت کی کابینہ نے اہم فیصلے کرتے ہوئے ضم اضلاع میں بحالی مراکز پروجیکٹ کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری کے ساتھ ساتھ قیدیوں کے حوالے سے رولز اور پولیس ایک 2017 میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 15واں اجلاس ہوا جہاں اہم فیصلے کیے گئے اور ضلع خیبر کے سباؤن اور جنوبی وزیرستان کے اجالا ڈی ریڈیکلزیشن مراکز کے لیے فنڈز، 'ضم اضلاع میں ڈی ریڈیکلائزیشن(بحالی مراکز)'' پروجیکٹ کے بجٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ پی سی-ون کی چھٹی ترمیم ہے جس سے کل لاگت 1,763.097 ملین روپے ہو گئی ہے اور ضم اضلاع میں آپریشنز کے بعد یہ پروگرام انتہا پسندانہ رجحانات والے افراد کی نارمل زندگی کی جانب واپسی کے ایک خصوصی منصوبے کے تحت شروع کیا گیا تھا، منصوبے کے تحت خیبر میں سباؤن اور جنوبی وزیرستان میں اجالا ڈی ریڈیکلائزیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، ان مراکز میں نفسیاتی مدد، اصلاحی مذہبی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

صوبائی کابینہ نے ضم اضلاع کے طالب علموں کی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے یقینی بنانے کے لیے پالیسی کی منظوری دی، تعلیمی سال 2024/25 کے لیے صوبائی کابینہ نے ضم اضلاع (بشمول سابقہ ایف آر) کے طالب علموں کے لیے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں مختص 333 نشستوں کی ان اضلاع (بشمول سابقہ ایف آر) تقسیم کار کی پالیسی کی منظوری دی ہے اور ملک بھر کے 25 اداروں میں 333 نشستیں ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لیے مختص ہیں۔

بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت ان سیٹوں کو ضم اضلاع (بشمول سابقہ ایف ار) کے درمیان منصفانہ فارمولے کے تحت تقسیم کیا گیا ہے۔

کابینہ نے صوبے کے جیلوں میں قیدیوں کے خوراک کے مینو میں بڑی تبدیلی کی بھی منظوری دی، قیدیوں کے لیے خوراک کے مینو میں بہتری کی خاطر صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا پریزن رولز 2018 میں ترامیم کی منظوری دی ہے، رولز میں ترامیم کے تحت چکن کڑاہی، رائس جوشی، سفید چنا اور لوبیا مینو میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ناشتے میں پراٹھے کے لیے آٹے کی مقدار 75 گرام سے بڑھا کر 100 گرام کر دی گئی ہے اور چینی کی مقدار کو 20 سے 30 گرام اور گھی کی مقدار 10 گرام سے 20 گرام کر دیا گیا، اسی طرح خاص مواقع پر خصوصی خوراک میں دوپہر اور رات کے کھانے میں چکن کے ساتھ بیف کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے۔

صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2017 میں اہم ترامیم کی منظوری دی اور ترامیم سے پولیس کمپلینٹ اتھارٹی ایکٹ 2024 اور دیگر اقدامات کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں