بھارت میں شادی کے کچھ برس بعد گھر سے لاپتا ہونے والی خاتون مشتبہ فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے تلاش کرلی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ میں 23 سالہ خاتون کو لاپتا ہونے کے تین سال کے بعد ڈھونڈ لیا گیا، جہاں 23 سالہ کویتا اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ رہتے ہوئے پولیس کو مل گئی۔
پولیس کے مطابق 23 سالہ کویتا کی 7 سال قبل (2017ء میں) ونے کمار نامی شخص کے ساتھ شادی ہوئی تھی، اور شادی کے 4 برس بعد (5 مئی 2021ء) کو کویتا گھر سے لاپتا ہو گئی تھی، جس پر اس کے اہل خانہ نے سسرال والوں کے خلاف قتل کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا تھا۔
بھارتی پولیس تلاش کی کوشش کے باوجود کویتا کا سراغ نہیں لگا سکی اور ایک برس گزرنے کے بعد خاتون کے شوہر نے اپنے سسرال (کویتا کے اہل خانہ) کے خلاف اپنی اہلیہ کے اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا، جس کے بعد معاملہ عدالت میں گیا اور عدالتی حکم پر کویتا کی ایک بار پھر تلاش شروع کی گئی۔
تحقیقات کے دوران فیس بک پر ایک مشتبہ اکاؤنٹ پر جعلی نام اور شناخت کے ساتھ سرگرمی کو نوٹ کیا گیا، جس پر مزید کھوج کی گئی تو پولیس نے بالآخر کویتا کو لکھنؤ کے علاقے دلی گنج سے تلاش کرلیا، جہاں وہ اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ رہ رہی تھی۔