بے رحم باپ کی بچوں کو نہر میں پھینکنے کی کوشش

 لاہور: بے رحم باپ نے اپنے بچوں کو نہر میں پھینکنے کی کوشش کی، جس کی بروقت اطلاع پر چائلڈ سیفٹی سینٹر نے بچوں کو بچا لیا۔

ترجمان سیف سٹیز کے مطابق گجرانوالہ سے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی میں ایک راہگیر کی کال موصول ہوئی، جس نے بتایا کہ ایک شخص اپنے بچوں کو نہر میں پھینکنے کی کوشش کررہا ہے۔

چائلڈ سیفٹی سینٹر نے متعلقہ پولیس کو فوراً موقع پر پہنچایا جس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی جان بچائی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم نے گھریلو حالات سے دلبر داشتہ ہوکر بیوی کو مارپیٹ کر گھر سے نکال دیا تھا اور اب اپنے 5 بچوں کو نہر کنارے لے آیا اور نہر میں گرانے کی کوشش کرنے لگا۔

ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی کی ہدایات پر پولیس نے فوری ریسپانس کرتے ہوئے بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا اور ماں کو تلاش کرکے بچے اس کے حوالے کردیے۔پولیس نے ملزم باپ کو اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔