کراچی ذاتی دشمنی کا شاخسانہ گاڑیوں کی باڈی بنانے کا کام کرنے والا شخص قتل

مقتول اپنے گیراج میں موجود تھا اسی دوران اسکے پاس ایک شخص آیا، ایس ایچ او سچل

(فوٹو: فائل)

سچل کے علاقے سہراب گوٹھ علی ٹاؤن میں گاڑیوں کی باڈی بنانے کا کام کرنے والے (باڈی میکر) کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، پولیس نے مقتول کے قتل کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کے علاقے سہراب گوٹھ علی ٹاؤن مکینک مارکیٹ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولنس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مقتول کی شناخت 42 سالہ جعفر ولد سرور کے نام سے کی گئی۔


مقتول پیشے کے لحاظ سے گاڑیوں کی باڈی بنانے کا کام کرتا تھا اور علی ٹاؤن کا رہائشی تھا جبکہ مقتول کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا۔

ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ مقتول اپنے گیراج میں موجود تھا اسی دوران اسکے پاس ایک شخص آیا ہے جسے مقتول جانتا تھا اور مقتول اس شخص کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کسی دکان سے گاڑی کی بیٹری لینے گیا اور پھر اسی شخص کے ساتھ موٹر سائیکل پر واپس اپنی دکان پر آیا، مقتول جعفر اپنی موٹر سائیکل پر بیٹھا اسی شخص سے بات کر رہا تھا کہ اس شخص نے اچانک پستول نکال کر مقتول کی کنپٹی پر رکھ کر گولی چلا دی اور فرار ہوگیا، فائرنگ سے مقتول موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسان معلوم ہوتا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
Load Next Story