کراچی میں جراثیم کش اسپرے نہ ہونے سے شہری مختلف امراض میں مبتلا وبا پھوٹنے کا خدشہ

بلدیہ عظمیٰ کراچی اور پچیس ٹاؤنوں کی انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے


Staff Reporter October 10, 2024
فوٹو: فائل

کراچی میں جراثیم کش اسپرے نہ ہونے کی وجہ سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، شہری مختلف امراض میں مبتلا ہور ہے ہیں بلدیہ عظمی کراچی اور پچیس ٹاؤن ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

تفصیلا ت کے مطابق کراچی میں بارشوں کے بعد جراثیم کش اسپرے کی مہم شروع نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے مچھروں، مکھیوں کی بہتات ہو گئی ہے اور گندگی اور غلاظت کی وجہ سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

بلد یہ عظمی کراچی اور پچیس ٹاؤنوں کی انتظا میہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، شہر میں کہیں بھی جراثیم کش اسپرے نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے شہری ٖڈینگی، ملیریا، چکن گونیا سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔

کراچی کے تمام سرکا ری و نجی اسپتال اس وقت مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں لیکن شہرمیں جراثیم کش اسپرے کا مرحلہ اب تک شروع نہیں ہوسکا، بلدیہ عظمی کراچی مختلف ٹیکسوں کی ریکوری پراپنی پوری طاقت صرف کررہی ہےلیکن عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

دوسری جانب پچیس ٹاؤنوں کی انتظا میہ بھی عوام کو ریلیف فراہم کر نے کے لیے کو ئی اقدامات کرنے کو تیارنہیں ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔

شہریوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں فوری طور پر جراثیم کش اسپرے کرایا جا ئے تاکہ ان بیماریوں سے بچا جا سکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں