آئینی ترامیم پر کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لائیں شیری رحمان
مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمیشہ ہماری ملاقات بہت اچھی رہتی ہے، کوشش ہے کہ اتفاق رائے پیدا کریں، میڈیا سے گفتگو
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیئر رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمیشہ ہماری ملاقات بہت اچھی رہتی ہے، کوشش ہے کہ اتفاق رائے پیدا کریں۔
پیپلزپارٹی کے وفد کی مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمیشہ ہماری ملاقات بہت اچھی رہتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ اتفاق رائے قائم کریں، اتفاق رائے پیدا کرنے کیلیے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت اور جوڈیشل ریفارمز پر بات ہورہی ہے، ملاقات سے آگے بھی بات چلے گی، سیاست میں یہی ہوتا ہے۔ مولانا فضل الرحمن سمیت سب اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا کہہ رکھا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ کوشش ہے کہ خصوصی کمیٹی میں تمام معاملات رکھیں، ہم ہر سیاسی جماعت کے ساتھ ملاقاتیں کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے سب کو جتنا جلد ہوسکے ایک پیج پر لائیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف سے سیر حاصل گفتگوہوئی، میثاق جمہوریت کے حوالے سے میاں نوازشریف کے ساتھ ہمارے پرانے تعلقات ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہماری بات چیت جاری ہے اور یہ بات چیت 25 تاریخ کے بعد بھی جاری رہ سکتی ہے۔