خون کے مخصوص گروپ کا فالج کے خطرات سے تعلق کا انکشاف

ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ خون کا اے گروپ رکھنے والے افراد میں 60 برس کی عمر سے قبل فالج ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

خون کی اقسام ہمارے ریڈ بلڈ سیلز کی سطح پر موجود مختلف کیمیاء کو ظاہر کرتی ہیں۔

ان خون کے گروپس میں سب سے معروف اے اور بی ہیں جن کو ایک ساتھ بطور اے بی پیش کیا جا سکتا ہے۔ انفرادی طور پر ان کی شناخت اے یا بی اور اگر یہ موجود نہ ہوں تو خون کی شناخت بطور او گروپ کی جاتی ہے۔

خون کی ان بڑی اقسام میں بھی ، ان میں موجود  جینز میں ہونے والے متغیرات کے سبب باریک تبدیلیاں رُونما ہوتی ہیں۔

2022 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں جینومکس محققین نے اے 1 سب گروپ کے جین اور فالج کے ابتدائی خطرات کے درمیان واضح تعلق کو دریافت کیا تھا۔

جرنل نیورولوجی میں شائع ہونے والی تازہ ترین تحقیق میں محققین نے 48 جینیاتی مطالعات سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو اکٹھا کیا۔ اس تحقیق میں اندازاً 17 ہزار فالج سے متاثرہ جبکہ تقریباً 6 لاکھ غیر متاثرہ افراد کا مطالعہ کیا گیا۔ ان تمام افراد کی عمر 18 سے 59 برس کے درمیان تھے۔

جینوم کی تحقیق پر معلوم ہوا کہ دو مواقع ایسے ہیں جو فالج کے ابتدائی خطرات سے مضبوط تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں ایک وہ جگہ ہے جہاں خون کی قسم کا تعین کرنے والے جینز ہوتے ہیں۔

بعد ازاں بلڈ ٹائپ جین کی مخصوص اقسام کے دوسرے تجزیے میں معلوم ہوا کہ وہ افراد جن کے جینوم اے گروپ کے متغیر سے کوڈڈ تھے ان کے 60 برس کی عمر سے پہلے فالج سے متاثر ہونے کے امکانات دیگر اقسام کے خون رکھنے والے افراد کے مقابلے میں 16 فی صد زیادہ تھے۔

وہ شرکاء جن میں او 1 جین تھا، ان میں فالج کے خطرات 12 فی صد کم تھے۔