کراچی: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی

کراچی: بلدیہ پکوڑا چوک پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی ہوگئے۔

بلدیہ سیکٹر نائن بی پکوڑا چوک کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 2 نوجوان زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔

ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن ایاز خان نے بتایا کہ نوجوانوں کی شناخت 23 سالہ احمد ولد خالد بادشاہ اور 22 سالہ طیب ولد اسلم کے نام سے کی گئی جس میں احمد پولیس اہلکار کا بیٹا ہے جبکہ زخمیوں کو ٹانگ پر گولی لگی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ فائرنگ سے قبل موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے گلی کا چکر لگایا تھا اور موقع پاکر کیبن کے اندر موجود دونوں نوجوانوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر فرار ہوگئے۔

جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے گولی کا ایک خول ملا ہے تاہم واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

تاہم پولیس علاقے میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت میں مدد مل سکے۔