سمندری طوفان ملٹن سے فلوریڈا میں تباہی، ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

فلوریڈا: سمندری طوفان ملٹن نے امریکی ریاست فلوریڈا میں تباہی مچا دی۔ طوفان کے باعث حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 سے تجاوز کرگئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان ملٹن سے فلوریڈا میں 30 لاکھ صارفین کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔ طوفان کے دوران 205 کلومیٹر رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے کھمبے تباہ ہوگئے۔

طوفان کے باعث سینٹ لوسی کاؤنٹی میں ریٹائرڈ افراد کے لیے قائم پناہ گاہ تباہ ہونے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر حادثات میں 5 سے زائد افراد جان سے گئے۔

موسم سے متعلق ادارے کے مطابق طوفان ملٹن کے دوران بننے والے 120 بگولوں نے 100 سے زائد گھروں کو تباہ کردیا۔ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

مختلف علاقوں میں سڑکیں تالاب بن گئیں اور گاڑیاں پانی کے ریلوں میں بہہ گئیں۔

فلوریڈا میں تباہی مچانے کے بعد طوفان کا رخ اب مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب ہوگیا ہے۔