رواں ہفتے 15 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں ادارہ شماریات
مہنگائی میں دو ہفتے مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے معمولی کمی دیکھی گئی
ملک میں مہنگائی کی شرح میں دو ہفتے مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے پھر سے 0.08 فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 12.75 فیصد پر آگئی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے، وفاقی ادارہ شماریات کے مہنگائی کے بارے میں جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور 28 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں سات روپے تک اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلوکا تھیلا 29 روپے جبکہ ایل پی جی سلنڈر 8 روپے تک مہنگا ہوا، علاوہ ازیں دال چنا، گڑ، جلانے کی لکڑی، آلو، گھی، خوردنی تیل کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔
اسی طرح ادارہ شماریات کے اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 29 روپے تک کمی، چینی فی کلو دو روپے تک سستی ہوئی، زندہ مرغی فی کلو چار روپے تک اور انڈے فی درجن 81 پیسے سستے ہوئےجبکہ کیلا، دال ماش،دال مونگ اور دال مسور بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔