سائٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس، دو فلائی اوورز کی تعمیر پر قرارداد پیش کرنے پر غور

ویب ڈیسک  جمعـء 11 اکتوبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: سائٹ ایسوسی ایشن نے سائٹ کے صنعتی علاقے میں  دو فلائی اوورز کی تعمیر کے حوالے سے قرارداد منظور کرکے حتمی منظوری کے لیے حکومت سندھ کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

سائٹ  کے صنعتی علاقے میں پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت کراچی کے صنعتی زونز پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے 10 ارب روپے کی لاگت سے سائٹ صنعتی علاقے میں 2 فلائی اوورز کی تعمیرکے حوالے سے سائٹ ایسو سی ایشن میں بریفنگ منعقد  ہوئی جس میں ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفر قادری سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عظیم علوی ، سابق صدر سائٹ ایسوسی ایشن کامران عربی سلیم موسی پاریکھ، عبدالہادی اور دیگر صنعتکار موجود تھے۔

اجلاس میں کنسلٹنٹ زیرک چرچل کی جانب سے صنعتکاروں کو تفصیلی بریفنگ دی گئِی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس پروجیکٹس کے حوالے سے ایک قرار داد سائٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائر یکٹر ز کے اجلاس میں منظور کی جائے اور اسے حتمی منظوری کے لیے سندھ حکومت کو بھیجا جائے۔ اجلاس میں ان فلائی اوورز کی تعمیر سے متعلق مختلف تجاویز پربھی تفصیلی بات  کی گئی۔

اس کے علاوہ صنعتی علاقے میں پانی ،انفرا اسٹرکچر ،ٹریفک جام کے مسائل کے حل سمیت مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں کنسلٹینٹ زیرک چرچل کی جانب سے صنعتکاروں اور ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفر قادری کو یقین دہانی کروائِی گئِی کہ پروجیکٹس شروع ہونے کے بعد اسے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔

اجلاس میں چیف انجینئر پی ایس ڈی پی سائٹ لمیٹڈ سیف اللہ ، ڈپٹی چیف انجینئر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نیبل احمد، انجینئر فہیم شیخ، پی ایس ٹو ایم ڈی ساِئٹ لمیٹڈ عمیراحمد خان بھی موجود تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔