پاکستان کی فضائی حدود سے اوورفلائنگ کرنے والی پروازوں میں اضافہ

  کراچی: پاکستان کی فضائی حدود سے اوورفلائنگ کرنے والی پروازوں میں اضافہ ہوگیا۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقہ جات سمیت کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن میں اوور فلائنگ کرنے والی پروازوں میں اضافہ ہوا ہےاور پروازوں کی تعداد 750 سے زائد ہوگئی ہے۔

پروازوں میں اضافہ ایران کی فضائی حدود بند ہونے سے ہوا،عام دنوں میں پاکستانی فضائی حدود سےاوور فلائنگ کرنے والی یومیہ پروازوں کی تعداد 700 ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ اوورفلائنگ وہ پروازیں کہلاتی ہیں جن کی منزل کسی اورملک کا ہوائی اڈہ ہوتا ہے،مگروہ اپنے مقررہ ایئرپورٹ تک رسائی کے لیے کسی دوسرے ملک کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر کچھ مزید ایئرلائنز نے بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی ہے، اوور فلائنگ کرنے والی پروازوں کی تعداد میں اضافے سے سول ایوی ایشن کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے،اوور فلائنگ کرنے والی پروازیں سی اے اے کو ڈالرز میں ادائیگی کرتی ہیں۔