محکموں میں نوکریوں کیلئے اسپورٹس کوٹے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، رانا ثنااللہ

 ہفتہ 12 اکتوبر 2024
رانا ثنااللہ کی زیر صدارت ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی پر جائزہ اجلاس ہوا—فوٹو: فائل

رانا ثنااللہ کی زیر صدارت ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی پر جائزہ اجلاس ہوا—فوٹو: فائل

  اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیربرائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکموں میں نوکریوں کے لیے اسپورٹس کوٹہ مختص کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

وزارت سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے مشیربرائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ کی زیر صدارت ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی پر جائزہ اجلاس ہوا۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا کہ محکمہ جاتی کھیلوں کی بحالی ہر ادارے کی قومی ذمہ داری ہے، ہم سب کو مل کر کھیل دوست ماحول بنانا ہے تاکہ نہ صرف نوجوان بلکہ ہر فرد کھیلوں کی طرف راغب ہو۔

انہوں نے کہا کہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اپنی سپورٹس پالیسی بنائیں تاکہ کھلاڑیوں کو باقاعدہ ملازمتیں مل سکے اور محکموں میں بھرتیوں کے لیے اسپورٹس کوٹہ مختص کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن قوموں کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں ان کے حوصلے بھی آباد ہوتے ہیں، سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے نوجوان بے راہ وری کا شکار ہیں، کھیلوں کی ترقی و ترویج ہی ہماری نسلوں کا مستقبل محفوظ کرے گی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کو مصروف اور مثبت رکھتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔