کراچی میں دہشتگردی اور پی ٹی آئی کی سیاسی دہشت گردی ایک جیسی ہے، احسن اقبال

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اکتوبر 2024
پی ٹی آئی نے پہلے بھی چینی صدر کا دورہ منسوخ کرایا تھا، اب پھر اسی کوشش میں ہے، وزیر برائے منصوبہ بندی

پی ٹی آئی نے پہلے بھی چینی صدر کا دورہ منسوخ کرایا تھا، اب پھر اسی کوشش میں ہے، وزیر برائے منصوبہ بندی

  اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی اور پی ٹی آئی کی سیاسی دہشت گردی ایک جیسی ہے۔

احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 15 اور 16 اکتوبر کو عالمی رہنما ایس سی او کانفرنس میں شرکت کےلیے آرہے ہیں، 9 ممالک کے سربراہان پاکستان آئیں گے، یہ پاکستان کےلیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، اس موقع پر پی ٹی آئی نے ڈی چوک پر احتجاج کی کال دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دردمند لوگوں کے سامنے یہ حقیقت واضح ہوجانی چاہیے کہ 2014 میں بھی پی ٹی آئی نے دھرنوں کے ذریعے چینی صدر کا دورہ منسوخ کرایا تھا، سی پیک کو بھی ڈی ریل کرانے کی کوشش کی، اقتدار میں آکر بھی پہلا نشانہ بھی سی پیک تھا، منصوبے پر جھوٹے الزامات لگاکر چینی سرمایہ کاری کو پاکستان سے دوسرے ممالک منتقل کروادیا۔

وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ اب جہاں سی پیک فیز 2 کا آغاز ہوا ہے، ایسے میں پی ٹی آئی کی صفوں میں پھر کھلبلی مچ گئی، ملکی معیشت کی بحالی کا سفر شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی کی انتشاری کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا، کیا ملک اس کا متحمل ہوسکتا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان رہائی کےلیے اپنی بے گناہی ثابت کریں، ملک سے دشمنی نہ کریں، ہم نے بھی جیلیں کاٹیں ہیں، لیکن کبھی ریاست سے لڑائی نہیں لڑی، کراچی میں دہشت گردی اور پی ٹی آئی کی سیاسی دہشت گردی ایک جیسی ہے، اگر پاکستان میں کوئی سویلین آئین شکن ہے تو وہ صرف عمران خان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔