ایس سی او اجلاس وزیراعظم مختلف وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے

اجلاس میں منگولیا کے وزیراعظم اور ترکمانستان کے نائب چیئرمین کابینہ اور وزیرخارجہ مبصر ریاست کے طور پر شرکت کریں گے


ویب ڈیسک October 12, 2024
وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے وفود کے سربراہان سے ملاقات کریں گے—فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف وفاقی دارالحکومت میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی کے اجلاس کے دوران پاکستان آنے والے مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں 15 سے 16 اکتوبر تک ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل آف ہیڈز کا 23واں اجلاس منعقد ہو گا، وزیر اعظم شہباز شریف کونسل آف ہیڈز کے چیئرمین کی حیثیت سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں 8 ممالک کی اعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی

انہوں نے کہا کہ کوںسل کے رکن ممالک کی نمائندگی چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کریں گے، ایران کے پہلے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او سربراہی اجلاس میں مبصر ریاست کے طور پر منگولیا کے وزیر اعظم اور ترکمانستان کے نائب چیئرمین کابینہ اور وزیر خارجہ خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں افغانستان کو مدعو نہیں کیا گیا

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اجلاس کے موقع پر مختلف وفود کے سربراہان سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی اور ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر بات چیت کی جائے گی اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں