راولپنڈی داماد نے گھر میں گھس کر ساس اور سسر کو قتل کر دیا

ملزم کی اہلیہ سے ناراضگی تھی جو کئی سال سے اپنے والدین کے گھر رہ تھی

فوٹو: فائل

تھانہ کوٹلی ستیاں کے علاقے میں اہلیہ کی ناراضگی کے معاملے پر داماد نے گھر کی دہلیز پر ساس اور سسر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

 

پولیس کے مطابق غفار احمد نے بتایا کہ والدین اور چچا کے ہمراہ گھر میں موجود تھے کہ بہنوئی توقیر جس سے ہمشیرہ ناراض ہوکر 10 ماہ سے میکے آئی ہوئی تھی گھر کے دروازے پر آیا اور والدین (جو رشتے میں اسکے چچا و چچی بھی لگتے ہیں) کو باہر بجھوانے کے لیے کہا۔


ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے کہا کہ اس نے اپنی اہلیہ اور بچوں کے سلسلے میں بات کرنی ہے جس پر اس کو کہا کہ گھر کے اندر آجاؤ تاکہ بیٹھ کر بات کی جائے لیکن وہ نہیں مانا، پھر والد ابرار احمد اور والدہ وحیدہ پروین دروازے پر گئے تو توقیر نے پسٹل نکال کر ان پر فائرنگ شروع کر دی جس سے دونوں زخمی ہوگئے جبکہ توقیر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔

فائرنگ کے بعد اہل خانہ چچا اور چچی کو اسپتال منتقل کر رہے تھے کہ دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

بھائی غفار نے بتایا کہ توقیر میری ہمشیرہ مسماتہ انیلہ پر تشدد و ظلم کرتا تھا جس کی وجہ سے وہ بچوں سمیت ناراض ہوکر والدین کے گھر آگئی تھی، توقیر کو رنج تھا اور اس نے یہ اقدام اپنے والدین کے مشورے سے اٹھایا۔

ڈی ایس پی کوٹلی ستیاں عبد العزیز کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
Load Next Story